کراچی(پاک ترک نیوز) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے بجائے صبح 11 بجے میڈیا پر آنا جماعت اسلامی نے اپنا اصل کام بنا لیا ہے۔ میڈیا پر آنے کا یہی جوش اپنے ٹاؤنز کے مسائل حل کرنے میں بھی دکھائیں۔سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ دھرنے کی کال دے کر واپس لینا حافظ نعیم الرحمن کی پہچان بن چکی ہے، ان کی قیادت جماعت اسلامی کو تاریخ کی بدترین سیاسی ناکامیوں تک لے آئی ہے۔ حافظ نعیم کی قیادت نے جماعت اسلامی کو چند ٹاؤنز تک محدود کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی ناکامیوں کا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈال کر راہِ فرار اختیار نہیں کرسکتی۔ عوام جماعت اسلامی کو مسترد کرچکے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے زیرانتظام ٹاؤنز میں کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں کی خراب حالت سب کے سامنے ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ ٹاؤن فنڈز فکسڈ ڈپازٹس میں رکھنے اور منافع لینے کے الزامات پر جماعت اسلامی کو اپنے چیئرمینز سے جواب طلب کرنا چاہیے۔ سندھ حکومت بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز فراہم کر رہی ہے، جماعت اسلامی کے نمائندے اپنی کارکردگی دکھائیں۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ شاہراہ بھٹو، جہانگیر روڈ، بھینس کالونی اور عظیم پورہ فلائی اوور کے منصوبے کراچی کی ترقی کا ثبوت ہیں، جبکہ ناتھا خان لنک روڈ اور چاکر نالہ ایکسپریس وے شہر کی آمدورفت بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا اس لیے ناراض ہیں،گورنر فیصل کریم کنڈی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر کے پارکوں سے قبضے ختم کروا کر انہیں گرین کراچی میں تبدیل کیا گیا ہے۔ کراچی کے عوام نعروں سے نہیں بلکہ سڑکوں، پلوں اور عوامی سہولتوں سے کارکردگی جانچتے ہیں۔












