مظفرآباد(پاک ترک نیوز ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ہونے والی پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک آنے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) دو مہاجرین نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 10 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کی مختلف نشستوں پر ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، بیرسٹر افتخار علی گیلانی، مصطفیٰ بشیر عباسی، ثاقب مجید راجہ اور راجہ محمد فاروق حیدر اپنے اپنے حلقوں میں آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید اور دیوان علی خان قمر چغتائی بھی اپنی نشستوں پر برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
مہاجرین کی نشستوں میں ایل اے-43 کشمیر ویلی 4 پر مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون اور ایل اے-44 کشمیر ویلی 5 پر محمد احمد رضا قادری غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔
دیگر مہاجرین نشستوں پر بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ایل اے-34، 35، 36، 37، 38، 39، 41 اور 42 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ ایل اے-40 کشمیر ویلی 1 اور ایل اے-45 کشمیر ویلی 6 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔












