اسلام آباد (پاک ترک نیوز ) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے پہلے موٹروے اور بعض اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک روک دی گئی ،شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں سمتوں میں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور تراپ انٹرچینجز بھی بند کیے جائیں گے۔
اسی طرح داؤد خیل، کوٹ بیلیاں اور عیسیٰ خیل انٹرچینجز سے بھی ٹریفک کی آمدورفت روک دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 پر ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بندش رہے گی، جبکہ جی ٹی روڈ این فائیو پر اٹک خورد کے مقام پر دونوں سمتوں میں ٹریفک معطل ہوگی۔
موٹروے ایم ٹو پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے۔ بھاری ٹریفک کو مختلف مقامات سے جی ٹی روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
موٹروے ایم ٹو اور ایم تھری سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو بھی کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے پہلے راستوں کی صورتحال کو مدنظر رکھیں اور بند کیے گئے روٹس پر جانے سے گریز کریں۔












