میڈرڈ : (پاک ترک نیوز)جنوبی اسپین میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 75 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں 15 افراد کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثہ اتوار کی شام صوبہ قرطبہ کے علاقے آداموز کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرین اچانک پٹری سے اتر کر سامنے سے آنے والی دوسری ٹرین سے جا ٹکرائی۔
ٹکر اس قدر شدید تھی کہ دونوں ٹرینوں کے کئی ڈبے بری طرح تباہ ہو گئے۔اندلس کی علاقائی حکومت کے سربراہ خوانما مورینو نے بتایا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تباہ شدہ ڈبوں کے اندر مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈرڈ سے ہوئیلوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی حادثے میں ہلاک ہو گیا۔
دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 مسافر سوار تھے، جن کی بڑی تعداد ویک اینڈ کے بعد دارالحکومت واپس جا رہی تھی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہوئیلوا جانے والی ٹرین ٹکر کے وقت تیز رفتاری سے سفر کر رہی تھی، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پٹری سے اترنے والی ٹرین کی رفتار کیا تھی۔
ہسپانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پوئینتے نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں ہو سکا اور تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی حال ہی میں مرمت کی گئی تھی، جس کے باعث واقعے نے مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ حادثے کے بعد اس روٹ پر ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔












