اسلام آباد (پاک ترک نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی، بالخصوص سعودی شہریوں اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی سختی سے مذمت کی۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے اپنی نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔











