تہران (پاک ترک نیوز )ایران کے پاسداران انقلاب نے شام کے علاقے التنف میں امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ایرانشہر کے علاقے بمپور میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کے بدلے میں کی گئی۔ حملے کے دوران ایک ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق اسپیشل آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹر بھی نشانہ بنا کر تباہ کیے گئے جبکہ بڑی تعداد میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔
پاسداران نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول بدستور ایرانی افواج کے پاس ہے اور جب تک امریکا کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں گی اس خطے سے تیل اور گیس کی ایک بوند بھی برآمد نہیں ہونے دی جائے گی۔












