اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) فنانشل ٹائمز نے پاکستان کو بدلتے ہوئے عالمی نظام میں ایک اہم ’ہِنج پاور‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مختلف عالمی طاقتوں کے ساتھ بیک وقت روابط کو اپنے تزویراتی مفاد میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان امریکا، چین، خلیجی ریاستوں اور ایران کے ساتھ تعلقات کو زیادہ فعال خارجہ پالیسی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
رپورٹ میں واشنگٹن اور تہران کے براہ راست مذاکرات کی میزبانی، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدہ، امریکا کے ساتھ کرپٹو اور اہم معدنیات میں تجارتی امکانات اور وسطی ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے جوڑنے کی خواہش کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اور تزویراتی اہمیت کی مثالیں قرار دیا گیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمایاں قوت یہ ہے کہ وہ اپنے قومی مفاد اور حالات کے مطابق واشنگٹن اور بیجنگ دونوں کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ خلیجی ریاستوں اور ایران کے ساتھ بھی روابط برقرار رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کسی ایک عالمی کیمپ تک محدود ہونے کے بجائے مختلف طاقت کے مراکز کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ایک اہم درمیانی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے











