تہران (پاک ترک نیوز)ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے امریکی ساختہ MQM-170 ڈرون کو الیکٹرانک جنگی کارروائی کے ذریعے سالم حالت میں قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کے روز قشم جزیرے کے جنوب میں کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کے پرواز کے نظام کا کنٹرول حاصل کیا گیا اور اسے بحفاظت زمین پر اتار لیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ڈرون ایرانی فضائی دفاعی اور الیکٹرانک وارفیئر نظام کی نگرانی اور معلومات جمع کرنے کے مشن پر تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا چوتھا MQM-170 ڈرون ہے جسے بحریہ کی الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ طیاروں کی کمانڈ نے سالم حالت میں پکڑا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی دفاعی فورسز کی جانب سے مجموعی طور پر آٹھ ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا لیاقت بلوچ سے رابطہ ،مذاکرات کا اگلا دور 19نومبرکو ہو گا
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے جدید فوجی ٹیکنالوجی اور مختلف اقسام کے ڈرونز استعمال کیے، تاہم پاسدارانِ انقلاب کی کارروائیوں کے نتیجے میں MQ-9، MQ-1 اور MQM-170 سمیت متعدد ڈرونز کو روکنے، تباہ کرنے یا ناکارہ بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔












