کوہاٹ (پاک ترک نیوز )خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 11 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ، جَلندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچی تھی۔ اسی دوران پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے بھی حملے میں 11 اہلکاروں کی شہادت اور 12 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔ واقعے کے بعد مزید پولیس نفری اور گاڑیاں جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، جہاں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔











