اسلام آباد (پاک ترک نیوز )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان میں محنت کشوں سے متعلق قوانین اور بین الاقوامی معیارات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں عالمی ادارۂ محنت سمیت محنت کشوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے ملکی قوانین اور طریقہ کار کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے موجودہ ضابطہ جاتی نظام کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی محنت کش معیارات پر عملدرآمد پاکستان کی عالمی معاشی سرگرمیوں میں مؤثر شرکت کے لیے اہم ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی معیار کی تکمیل سے پاکستانی برآمدات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے اور بین الاقوامی تجارت میں ملک کا مقام مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ترکیہ میں کوپ 31 کانفرنس میں شرکت
نائب وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور طے شدہ مدت کے اندر اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار، طارق باجوہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔












