لاہور( پاک تر ک نیوز) ایک خاموش قاتل۔۔۔ہاتھ میں ہتھیار۔۔۔چہرے پر کوئی خوف نہیں۔۔۔اور سامنے دشمنوں کی پوری فوج!لیکن یہ کہانی صرف خون، گولیوں اور بدلے کی نہیں۔۔۔یہ ایک ایسے قاتل کی کہانی ہے، جس کے اندر جذبات بھی زندہ تھے۔اور حیران کن بات یہ ہے کہ جانی وک کے آنے سے کئی برس پہلے بننے والی یہ فلم، آج 32 سال بعد ایک بار پھر دنیا بھر میں تہلکہ مچا رہی ہے۔
نام ہے ’’لیون: دی پروفیشنل‘‘۔1994 میں ریلیز ہونے والی لوک بیسون کی یہ فلم اپنے وقت کی ایسی ایکشن فلم ثابت ہوئی جس نے پیشہ ور قاتلوں کے کردار کو ہی ایک نیا انداز دے دیا۔لیون۔۔۔ ایک ماہر قاتل ہے، جو خاموشی سے اپنے ہدف تک پہنچتا ہے، کارروائی مکمل کرتا ہے اور غائب ہوجاتا ہے۔نہ غیرضروری شور۔۔۔نہ بے مقصد فائرنگ۔۔۔بس ایک منصوبہ۔۔۔ ایک نشانہ۔۔۔ اور پھر خاموشی!
لیکن کہانی اس وقت بدلتی ہے جب لیون کی زندگی میں اس کی کم عمر پڑوسن میتھلڈا داخل ہوتی ہے۔میتھلڈا اپنے خاندان کو کھونے کے بعد لیون کے پاس پہنچتی ہے اور یہی ملاقات ایک بے رحم قاتل کے اندر چھپے انسان کو سامنے لے آتی ہے۔لیون اسے بچانے کا فیصلہ کرتا ہے۔۔۔اور پھر ایک خطرناک کھیل شروع ہوتا ہے۔ایک طرف تربیت یافتہ قاتل۔۔۔دوسری طرف طاقتور سرکاری اہلکار۔۔۔اور درمیان میں ایک ایسی لڑکی، جو اپنے خاندان کے قتل کا بدلہ لینا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی بحریہ کا طیارہ بردار بحری جہاز سے جدید بغیر پائلٹ جیٹ طیارے کی آزمائشی پرواز کا منصوبہ
فلم کا سب سے خطرناک کردار نارمن اسٹینسفیلڈ ہے، جسے گیری اولڈمین نے ادا کیا۔اسٹینسفیلڈ اور لیون کا ٹکراؤ فلم کو ایک ایسے مرحلے پر لے جاتا ہے جہاں ہر لمحہ موت کا خطرہ موجود رہتا ہے۔اور یہی وہ مقام ہے جہاں ’’لیون‘‘ کا ایکشن اپنی اصل طاقت دکھاتا ہے۔لیون دیواروں، دروازوں اور اندھیرے کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کو حیران کرتا ہے۔اس کی کارروائی میں شور کم۔۔۔لیکن خطرہ کہیں زیادہ ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آج کی کئی قاتلوں پر مبنی فلموں میں سنائی دینے والا اصول خواتین اور بچوں کو نشانہ نہ بنانے کا تصور بھی ’’لیون‘‘ میں نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔فلم نے ایک ایسے قاتل کو مرکزی کردار بنایا جو بظاہر بے رحم ہے، لیکن اندر سے جذبات رکھتا ہے۔
اور شاید یہی وجہ ہے کہ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ فلم ناظرین کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے۔اب ’’لیون: دی پروفیشنل‘‘ دوبارہ اسٹریمنگ دنیا میں دھوم مچا رہی ہے اور مقبول ترین فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔











