کراچی (پاک ترک نیوز )پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی اور تجارتی شہر کراچی میں خستہ حال سڑکوں، ٹریفک جام اور بنیادی سہولتوں کی کمی نے صنعتی سرگرمیوں اور شہریوں کی زندگی مشکلات سے دوچار کر دی ہے۔
کراچی کے ہزاروں صنعتی مزدور روزانہ کام پر پہنچنے کے لیے کئی کئی گھنٹے سڑکوں پر گزارنے پر مجبور ہیں۔ بلوچ کالونی میں رہنے والے محمد علی کی مثال ہی لے لیں، جو صبح 8 بجے ڈیوٹی پر پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ پہلے گھر سے نکلتے ہیں۔ وہ کارساز کے راستے ناظم آباد تک 14 کلومیٹر کا سفر صرف 15 منٹ میں طے کر لیتے ہیں، لیکن فیکٹری تک کے آخری 6 کلومیٹر کا فاصلہ ٹوٹی سڑکوں اور ٹریفک جام کے باعث دوگنا وقت لے لیتا ہے۔
اسی طرح کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کام کرنے والے ریفائنری ملازم اشتیاق علی روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ میں چار گھنٹے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ مشکلات صرف مزدوروں تک محدود نہیں بلکہ کراچی کے صنعتی علاقوں میں خام مال اور تیار مصنوعات لے جانے والی ہیوی گاڑیاں بھی گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہیں۔
سائٹ، کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی اور فیڈرل بی ایریا سمیت اہم صنعتی مراکز میں سڑکوں کی خراب حالت کاروباری اداروں کے اخراجات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ ایندھن کا زیادہ استعمال، سامان کی ترسیل میں تاخیر اور مال بردار گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان سے صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔
شہر کے صنعتی علاقوں کو صرف سڑکوں کی خرابی ہی نہیں بلکہ پانی کی قلت، ناقص صفائی، کچرے کی غیر مؤثر تلفی اور تباہ حال نکاسی آب کے نظام جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
صورتحال پر گزشتہ ماہ کراچی کی صنعتی، تجارتی اور کاروباری تنظیموں نے مشترکہ اجلاس میں شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں شریک نمائندوں کے مطابق کراچی وفاقی محصولات میں تقریباً 67 فیصد جبکہ قومی برآمدات میں 54 فیصد حصہ ڈالتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہر ٹوٹی سڑکوں، پانی کی قلت، غیر یقینی یوٹیلیٹی سروسز، خراب سیوریج اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل سے دوچار ہے۔
بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو بڑھتے ہوئے شہری اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کا مقصد کسی سیاسی یا انتظامی تنازع کو جنم دینا نہیں بلکہ کراچی کو رہنے کے قابل، محفوظ اور معاشی طور پر مسابقتی شہر بنانا ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں شریک ایک صنعت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شرکا نے سندھ میں گزشتہ 18 سال سے برسراقتدار پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر بھی تنقید کی اور شکوہ کیا کہ طویل عرصے سے حکومت میں ہونے کے باوجود صنعتی علاقوں کے بنیادی انفرااسٹرکچر پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔
کراچی کے یہ مسائل ایک بار پھر اس سوال کو سامنے لے آئے ہیں کہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شہر کا بنیادی ڈھانچہ کب بہتر بنایا جائے گا اور یہاں کام کرنے والے لاکھوں مزدوروں اور کاروباری اداروں کو کب ریلیف ملے گا؟











