نیو یارک ( پاک ترک نیوز) ا مریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ یہ گاڑی کمپنی کے لیے خسارے کا باعث بنی۔ ان کا کہنا ہے کہ سائبر ٹرک کی تیاری بند کرنے کی وجہ اس کا غیر منافع بخش ہونا نہیں بلکہ اس کی تیاری میں درکار پیچیدگیاں اور پیداواری وسائل کا متبادل استعمال ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سائبر ٹرک کے آرڈرز کی تعداد کمپنی کی پیداواری صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے۔ ٹیسلا کوشش کرے گی کہ آئندہ تقریباً آٹھ ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ گاڑیاں تیار کرکے خریداروں کو فراہم کی جائیں، تاہم بڑی تعداد میں صارفین کو ان کی بکنگ کی رقم واپس کرنا پڑے گی۔
مسک کے مطابق کمپنی سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے سے پہلے فیکٹری میں ایک اضافی پروڈکشن شفٹ بھی شروع کرے گی تاکہ زیرِ التوا آرڈرز پورے کیے جاسکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ اس لیے نہیں کیا گیا کہ گاڑی منافع نہیں کما رہی، بلکہ اس کی تیاری کے لیے درکار پیچیدگیوں کے مقابلے میں اسی پیداواری صلاحیت کو سائبر کیب بنانے پر استعمال کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔ٹیسلا نے اعلان کیا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع اس کی گیگا فیکٹری میں سائبر ٹرک کی پیداوار 2027 کے وسط تک مرحلہ وار بند کردی جائے گی۔ ایلون مسک نے 2027 کے جون یا جولائی کے دوران پیداواری لائن ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔اس فیصلے کے بعد فیکٹری میں موجود جگہ، مشینری اور دیگر پیداواری وسائل کو ٹیسلا کی خودکار ٹیکسی سائبر کیب ی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تربیلا ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کا تعمیراتی حصہ منہدم، چیئرمین واپڈا آج جائے حادثہ کا دورہ کریں گے
سائبر کیب دو نشستوں والی خودکار گاڑی ہے، جسے ٹیسلا مستقبل میں روبوٹیکسی سروس کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اس گاڑی میں روایتی اسٹیئرنگ اور پیڈلز موجود نہیں ہیں۔ ایلون مسک کی حکمت عملی اب روایتی الیکٹرک گاڑیوں کے بجائے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دینے کی ہے۔












