واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے ایران کو تباہ حال اور اس کی موجودہ پوزیشن کو تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن قرار دے دیا۔ کہتے ہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران سے متعلق ہر ممکنہ راستے کے انتخاب میں برتری حاصل ہے، محکمہ دفاع ہر فیصلے پر انہیں مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ جو بھی فیصلہ کرنا چاہیں، یہ ان کا اختیار ہے، امریکی محکمہ دفاع ان کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
امریکی وزیر جنگ نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جنگ غیر مقبول ہو سکتی ہے، لیکن ضروری تھی۔ کسی نہ کسی کو ایران اور اس کی حکومت کا سامنا کرنا ہی تھا، وہ آج بھی اس فیصلے کو درست سمجھتے ہیں اور دوبارہ بھی یہی فیصلہ کریں گے۔پیٹ ہیگستھ نے اپنے مواخذے کی کوششوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کارروائی کی کوئی پریشانی نہیں۔ ان کے مطابق امریکی عوام فتح سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے امریکا سے مذاکرات کا راستہ پھر کھول دیا
امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت انتہائی کمزور پوزیشن میں ہے اور صدر ٹرمپ کے پاس آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔












