واشنگٹن(پاک ترک نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ ختم کرنے کے معاملے پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے بات چیت کرنے کا عندیہ دے دیا۔فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امکان ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چین کے شہر شین ژین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کے اجلاس کے موقع پر چینی اور روسی صدور سے ملاقات کریں گے۔امریکی صدر کے مطابق ان ملاقاتوں میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی جبکہ ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نےوہ مشکل فیصلے کیے جو سابق حکومتیں نہ کرسکیں، مارکو روبیو
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں اور امریکا ایران کی رسد منقطع کرکے دباؤ میں اضافہ کر رہا ہے۔ٹرمپ کے مطابق امریکی آپریشن آئرن گیٹ شروع کردیا گیا ہے، جس کا مقصد ایران کو زمینی راستوں سے رسد کی فراہمی روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے تحت زمینی راستوں سے ایران میں کسی بھی قسم کی رسد داخل نہیں ہوسکے گی جبکہ بحری ناکہ بندی کے ذریعے سمندری راستوں سے بھی سامان کی آمد روک دی گئی ہے۔












