ڈھاکہ (پاک ترک نیوز )بنگلادیش نے چین سے 20 جدید جے 10 سی ای لڑاکا طیارے خریدنے کی منظوری دے دی، 2 ارب 13 کروڑ ڈالر مالیت کے اس دفاعی معاہدے سے خلیج بنگال اور بھارت کی مشرقی سرحدوں کے قریب بنگلادیش کی فضائی دفاعی صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
دفاعی امور سے متعلق رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے 4 نومبر کو چینی وفد سے ملاقات کے بعد طیاروں کی خریداری کی پالیسی اور مالی منظوری دی ہے۔ چینی وفد کی قیادت لیو ہائیشنگ کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت چین کے تیار کردہ 20 جے 10 سی ای لڑاکا طیاروں کے ساتھ جدید ریڈار نظام، پی ایل 15 فضائی میزائل، پائلٹس کی تربیت اور طویل مدتی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
ان طیاروں کی پہلی کھیپ 2027 میں بنگلادیش پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم معاہدے پر عمل درآمد اور ترسیل کے حتمی مراحل ابھی مکمل ہونا باقی ہیں۔
بنگلادیش ان طیاروں کے ذریعے اپنے پرانے ایف 7 لڑاکا طیاروں کی جگہ جدید جنگی صلاحیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ نئے طیاروں میں نصب جدید ریڈار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل دشمن طیاروں کی فضائی حدود کے قریب پہنچنے سے پہلے نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کی مجموعی مالیت میں تقریباً ایک ارب 96 کروڑ ڈالر اصل قیمت جبکہ 17 کروڑ ڈالر سود کی مد میں شامل ہیں۔ بنگلادیش ابتدائی طور پر تقریباً 39 کروڑ 19 لاکھ ڈالر ادا کرے گا، جبکہ باقی رقم دو سال کی مہلت کے بعد چھ سالانہ اقساط میں ادا کی جائے گی۔
اس معاہدے کے تحت چین کی کمپنی چائنا نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن طیاروں کی فراہمی اور تکنیکی معاونت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
دفاعی تجزیے کے مطابق جدید چینی طیاروں کی شمولیت سے بھارت کی مشرقی سرحدوں کے قریب فضائی نگرانی اور دفاعی حکمت عملی پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، تاہم بھارت کے پاس مجموعی طور پر زیادہ بڑا جنگی فضائی بیڑا موجود ہے۔
بنگلادیشی وزیراعظم کے اطلاعات و نشریات کے مشیر زاہد الرحمان نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے مار گرانے کے دعوے کو مستند معلومات قرار دیا، تاہم بھارت پاکستان کے ان دعوؤں کو مسترد کرتا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جے 10 سی ای طیاروں کی خریداری بنگلادیش کے دفاعی منصوبے فورسز گول 2030 کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ملک اپنی فضائی دفاعی صلاحیت جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتا ہے۔












