اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم اور قیمتوں میں شفافیت کے لیے حکومت کا نیا اقدام، مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کو فراہم کریں گے، تاکہ دور دراز علاقوں میں گیس کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ایل پی جی کی شفاف نیلامی اور نئے فریم ورک کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نیلامی کے طریقہ کار اور سپلائی کے نظام پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے مطابق مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کا بقیہ 90 فیصد حصہ میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔ نیلامی میں ہر کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل پی جی کی روزانہ پیداوار کی نگرانی کی جائے گی اور اس حوالے سے اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے، جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو نیلامی میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ نئے نیلامی نظام سے ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی کرکٹ کا 8 سال پرانا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پھر زندہ، عثمان خواجہ کے تہلکہ خیز انکشافات
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت کا مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی نیلامی کے نئے فریم ورک کی منظوری دی تھی، جبکہ اس نظام کے عملی طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا پہلا اجلاس اب منعقد ہوا ہے۔












