لاہور(پاک ترک نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے غیر ملکی ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈیٹز کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
شین ڈیٹز نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ انہوں نے تین سال تک ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کوچنگ کی، ان کا معاہدہ 31 اکتوبر کو ختم ہوا۔
ذرائع کے مطابق شین ڈیٹز نے مزید کام کرنے سے دستبرداری اختیار کی، جبکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھی باہمی رضامندی سے علیحدگی کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز مینز ٹیم کے سابق کوچ آندرے کول نے ویمن ٹیم کی عبوری کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روس کے2بڑے جنگی بحری جہازوں کی چھٹی؟
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے دسمبر کے وسط میں سیریز کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے، تاہم میزبان بورڈ نے تاحال سیریز کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شین ڈیٹز دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔






