راولپنڈی(پاک ترک نیوز) چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شِنگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان چین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے موسموں سے بالاتر تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تاریخی اور آزمودہ تعلقات خطے میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعاون کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی روابط، ادارہ جاتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی زور دیا۔
چینی وزیر لیو ہائی شِنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان چین کے دیرینہ تزویراتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔












