کراچی ( پاک ترک نیوز) کراچی کے ضلع وسطی میں موبائل فونز کی غیر قانونی خریدوفروخت اور آئی ایم ای آئی پیچنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی، تیموریہ اور گلبہار پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر 435 موبائل فونز برآمد کیے۔
برآمد ہونے والے فونز میں قیمتی آئی فونز، 37 آئی ایم ای آئی پیچ شدہ موبائل فونز اور 9 چوری شدہ اینڈرائیڈ فونز شامل ہیں۔ پولیس نے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی پیچنگ میں استعمال ہونے والے 5 کمپیوٹرز اور 7 جدید لیپ ٹاپس بھی تحویل میں لے لیے۔ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان جدید سافٹ ویئر کے ذریعے موبائل فونز کی ڈیجیٹل شناخت تبدیل کرتے تھے۔ نان پی ٹی اے اور اقساط کی عدم ادائیگی پر بلاک ہونے والے فونز کی بھی غیر قانونی پیچنگ کی جاتی تھی، جبکہ چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی شناخت چھپا کر انہیں مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری اور نیو کراچی سے چار، چار، تیموریہ سے تین جبکہ گلبہار سے چار ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دیہی خواتین کے لیے روزگار کا نیا راستہ، مریم نواز کا ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام، 2500 خواتین کو تربیت دینے کا ہدف
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ برآمد موبائل فونز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے ذریعے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فونز ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔












