لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان کے سب سے قدیم فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے 69ویں ایڈیشن کے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا، جس میں ملک بھر کی 20 ریجنل ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔گولڈ ٹورنامنٹ میں آٹھ جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گولڈ ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں قومی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے۔ دونوں ٹیمیں پہلے میچ میں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔
گولڈ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے علاوہ فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زمین کے اندر آکسیجن کا چھپا ہوا خزانہ دریافت
سلور ٹورنامنٹ کی 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس شامل ہیں۔قائداعظم ٹرافی گولڈ 3 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہے گی، جبکہ فائنل 15 سے 19 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ سلور ٹورنامنٹ 3 نومبر سے 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔ دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔گولڈ ٹورنامنٹ کے میچز اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں منعقد ہوں گے، جبکہ سلور گروپ اے کے مقابلے کراچی اور گروپ بی کے میچز ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق گولڈ ٹورنامنٹ کے تمام میچز براہ راست لائیو اسٹریم کیے جائیں گے، جبکہ سلور ٹورنامنٹ کے ہر راؤنڈ میں چھ میں سے چار میچز کی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ سلور ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سیزن میں گولڈ ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گی۔












