اسلام آباد (پاک ترک نیوز)پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو بڑی پیشکش کر دی، کمیٹی کی مستقل سربراہی کے معاملے پر لچک دکھانے پر آمادگی ظاہر کر دی۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم اب پیپلز پارٹی نے کمیٹی کی سربراہی باری باری تمام جماعتوں کو دینے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پیپلز پارٹی کی پیشکش اور کمیٹی کا حصہ بننے کے معاملے پر مشاورت کے بعد اپنا جواب دے گی۔
30 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں تمام جماعتوں کو ان کی عددی نمائندگی کے تناسب سے جگہ دی جائے گی، جبکہ تحریک انصاف نے کمیٹی میں حکومت کے برابر نمائندگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے، تاہم کمیٹی کی سربراہی اور جماعتوں کی نمائندگی کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔












