اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو سرکاری اسکولوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں اسکولوں کے انفراسٹرکچر، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور طلبہ و طالبات کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام سرکاری اسکولوں میں اسمارٹ بورڈز جلد نصب کرنے، اساتذہ کی بھرتیاں صرف میرٹ پر کرنے اور اساتذہ کو تدریسی ذمہ داریوں تک محدود رکھنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں طلبہ و طالبات کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرکاری اسکولوں میں مفت لنچ کا نظام فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے اسکول بسوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور طلبہ کی آمدورفت کے لیے بسوں کی آؤٹ سورسنگ اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایات دیں۔
یہ بھی پڑھیں: 4 ہزار 700 میل اڑنے والا طیارہ
شہباز شریف نے سرکاری اسکولوں میں سولرائزیشن کو فروغ دینے، جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والے طلبہ کے لیے تمام اسکولوں میں ریمپ بنانے اور بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل فوری طور پر بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں وزیراعظم کی ستمبر 2026 کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے نصاب، انفراسٹرکچر اور دیگر امور سے متعلق سروے رپورٹ پیش کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیادہ تر سرکاری اسکولوں میں انٹرنیٹ، پینے کے صاف پانی، کمپیوٹر لیبز اور دیگر بنیادی سہولیات موجود ہیں، تاہم بعض اسکولوں میں انفراسٹرکچر کے مسائل درپیش ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد بھر میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی آمدورفت کے لیے 278 سرکاری بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں اسکولوں کے سربراہان کو بااختیار بنانے اور تعلیمی نظام میں جدت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطاء اللہ تارڑ اور خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اصلاحاتی اقدامات کا مقصد سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانا، تدریسی معیار بلند کرنا اور طلبہ و طالبات کے لیے محفوظ، جدید اور سازگار تعلیمی ماحول یقینی بنانا ہے۔












