اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج کراچی سے اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی معاملات کے حوالے سے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں نئے بلز پر پیش رفت کے تناظر میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور حکومتی وفود کے درمیان اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شریک ہوئے، جبکہ حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے نئے بلز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے نئے بلز اور دیگر سیاسی امور پر اپنے تحفظات حکومتی وفد کے سامنے رکھے، جس پر حکومت کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ملاقات میں پارلیمانی امور پر مشاورت جاری رکھنے اور باہمی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کی مرضی کے بغیر صوبوں کی تقسیم نہیں ہونی چاہیئے،بیرسٹر گوہر
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں متوقع ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد آمد کے بعد حکومتی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان مشاورت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔












