کراچی(پاک ترک نیوز ) سابق وزیراعظم محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی تاریخی وطن واپسی کے موقع پر کراچی کے علاقے کارساز میں ہونے والے خودکش حملے کو 19 برس بیت گئے۔ اس سانحے میں پیپلز پارٹی کے متعدد کارکنان جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ ہر سال اس دن شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور جمہوریت کے لیے ان کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارساز سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور انتہاپسندی جمہوری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر محترمہ بے نظیر بھٹو کی حفاظت کی اور جمہوریت کے لیے قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں کسی کی جان محفوظ نہیں، 13 سالہ پی ٹی آئی حکومت نے کیا کیا؟ شازیہ مری
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز سانحے کے شہداء کی یاد جمہوریت کے ساتھ وابستگی اور قربانی کے عہد کی تجدید ہے۔ ان کے مطابق شہداء کی قربانیاں اس عزم کی یاد دہانی کراتی ہیں کہ عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو محترمہ بے نظیر بھٹو طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپس پہنچی تھیں۔ ان کی آمد کے موقع پر کراچی میں ایک بڑی عوامی ریلی نکالی گئی تھی۔ رات گئے کارساز کے مقام پر ریلی کے قریب دو دھماکے ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔












