اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سمیت صوبے سے متعلق مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کو خیبرپختونخوا سمیت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا سے متعلق آئینی اور قانونی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مختلف آئینی راستوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں ہنگامی اقدامات اور گورنر راج سمیت دیگر قانونی آپشنز شامل ہیں۔ تاہم کسی حتمی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 4 اکتوبر کو اعلان کردہ لانگ مارچ اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو امن و امان کی صورتحال اور احتجاج سے نمٹنے کے لیے ممکنہ انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نتین یاہوکی میزبانی کے یو اے ای کیلئے نتائج اچھے نہیں ہوں گے ،محسن رضائی
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بعض آئینی شقوں کے تحت ممکنہ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکومت کی جانب سے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل متعلقہ فریقین اور شراکت داروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔












