بیجنگ ( پاک ترک نیوز) چینی محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ جدید لائڈار نظام سے لیس میزائل رات کے وقت 61 اعشاریہ 5 کلومیٹر تک فاصلے پر موجود ایف 35 اسٹیلتھ طیارے کا سراغ لگا سکتا ہے۔
چینی فضائیہ کے لیے میزائل تیار کرنے والے ایک ادارے سے وابستہ محققین نے کمپیوٹر پر ایک نظریاتی ماڈل تیار کیا ہے، جس میں جدید سنگل فوٹون لائڈار کے ذریعے اسٹیلتھ طیاروں کا سراغ لگانے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق مثالی حالات میں میزائل پر نصب لائڈار نظام 61 اعشاریہ 5 کلومیٹر تک فاصلے سے ایف 35 کی موجودگی کا پتا لگا کر اسے ٹریک کرسکتا ہے۔لائڈار روشنی کی شعاعیں استعمال کرکے کسی ہدف کا فاصلہ اور موجودگی معلوم کرتا ہے، اس لیے یہ روایتی ریڈار یا حرارتی سینسر سے مختلف طریقہ اختیار کرتا ہے۔چینی ماڈل کے مطابق اگر یہ صلاحیت عملی طور پر حاصل کرلی جائے تو فضائی جنگ میں اسٹیلتھ طیاروں کے لیے نئے چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نتین یاہوکی میزبانی کے یو اے ای کیلئے نتائج اچھے نہیں ہوں گے ،محسن رضائی
تاہم ایک دفاعی تجزیہ کار نے اس دعوے پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ تجزیہ کار کے مطابق وسیع آسمان میں کسی اسٹیلتھ طیارے کو ایک انتہائی باریک لیزر شعاع کے ذریعے تلاش کرنا عملی طور پر خاصا مشکل ہوسکتا ہے۔ایف 35 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی استعمال کرسکتا ہے، جن میں اے آئی ایم نائن ایکس سائیڈ وائنڈر شامل ہے۔ اس میزائل میں تصویری حرارتی نظام استعمال ہوتا ہے اور اس کی بتائی جانے والی مار تقریباً 16 سے 32 کلومیٹر تک ہے۔












