اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گورنر راج کا آپشن آئین میں ہمیشہ سے موجود ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے بعض کارکن اور رہنما خود گرفتاریاں دے رہے ہیں۔نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اعتماد کرنے کی گنجائش نہیں، ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں حکومت تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کرسکتی ہے۔وزیر دفاع نے پاک افغان تعلقات کے حوالے سے کہا کہ بھارت افغانستان کا سب سے بڑا ہمدرد اور ساتھی ہے، جبکہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں دور دور تک بہتری کے امکانات نظر نہیں آتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے مختلف تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرکے ملکی وقار بلند کیا ہے۔ موجودہ قیادت کی مدبرانہ سوچ کے باعث دنیا میں پاکستان نے اپنا لوہا منوایا ہے۔وزیر دفاع نے سفارتکاروں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاروں سے تحمل، ذمہ داری اور بہترین رویے کی توقع کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رات 9 بجے بازار بند، حکومتی فیصلے پر تاجر اور عوام پریشان
خواجہ آصف کے مطابق پاکستان نے حالیہ سفارتی اقدامات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مؤثر کردار ثابت کیا ہے اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔












