کوئٹہ ( پاک ترک نیورز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسرجنسی نہیں، چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی چاہتے ہیں، ایسے عناصر پاکستان کو کیک کی طرح کاٹ کر تقسیم کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔21ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی اور پسماندگی کو پرتشدد واقعات کا جواز نہیں بنایا جاسکتا، غیر متوازن ترقی پورے پاکستان اور دنیا کے بیشتر ممالک میں پائی جاتی ہے۔ بلوچستان میں پرتشدد واقعات میں ملوث عناصر ترقی نہیں بلکہ علیحدگی چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان حقائق اور تصور میں فرق اور صوبے کی درست تاریخ سے آگاہی حاصل کریں۔ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔سرفراز بگٹی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور روشن مستقبل پر توجہ دیں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کم کرنے کے لیے نوجوانوں کو ہر سطح پر سنا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرٹ کو فروغ دے کر ہی نوجوانوں کو ان کا حق دیا جاسکتا ہے، کوئی حق دار اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا اور ملازمت صرف میرٹ پر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی امتحانی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صوبے میں گزشتہ دو سال کے دوران سرکاری ترقیاتی پروگرام پر سو فیصد پیش رفت ہوئی ہے۔سرفراز بگٹی کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی کو فعال کردیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم بھی پوری طرح متحرک ہے۔ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے ترقیاتی پروگراموں کا معائنہ ان کے اپنے حلقے سے شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کی گرفتاریاں ہورہی ہیں، اچھی طرز حکمرانی کی بنیاد رکھ دی ہے اور اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔












