اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم تمام صوبوں اور متعلقہ اداروں پر لاگو ہوتا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والا توہینِ عدالت کا مرتکب ہوگا۔طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت کسی سیاسی جماعت یا عوامی عہدیدار کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے یا شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت متاثر کرنے کا اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس کتنی سٹریٹ پاور ہے، اس کا اندازہ لاہور اور وزیرآباد کی گلیوں سے ہوچکا ہے۔ان کا کام ڈرامے بازی کرنا ہے اور وہ یہ کرتے رہے ہیں ، 26 نومبر اور 9 مئی ان کی تاریخ کا حصہ ہیں۔انہوں نے 25 مئی کے مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت سپریم کورٹ کے حکم پر مارچ ہوا تھا اور اس کی توہینِ عدالت کی درخواست آج بھی زیرِ التوا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ 25 مئی کے مارچ کے دوران بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں، لیکن پورے شہر کو آگ لگا دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ، لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کے دوران انہیں سمجھانے کی کوشش کی ہے، تاہم اگر کوئی ایسا اقدام ہوا تو اسے اس انداز میں روکا جائے گا کہ آئندہ کوئی ایسا قدم اٹھانے کا سوچے گا بھی نہیں۔












