لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے کارڈز کی ترسیل میں تاخیر ختم کرنے کے لیے محکمہ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) کو پوسٹ آفس کے ڈیلیوری سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت شہری نہ صرف یہ جان سکیں گے کہ ان کا ڈرائیونگ لائسنس کارڈ تیار یا پرنٹ ہو رہا ہے بلکہ کارڈ کی موجودہ لوکیشن اور ڈیلیوری اسٹیٹس بھی آن لائن ٹریک کرسکیں گے۔
مجوزہ ڈیٹا انٹیگریشن کے بعد شہریوں کو یہ معلومات بھی دستیاب ہوں گی کہ لائسنس کارڈ ٹریفک پولیس سے پوسٹ آفس کے حوالے کب کیا گیا، اس کی ترسیل کہاں تک پہنچی اور اس وقت کارڈ کس مقام پر موجود ہے۔حکام کے مطابق موجودہ نظام میں ٹریفک پولیس کو بھی لائسنس کارڈز کی ترسیل سے متعلق معلومات کی نگرانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس سلسلے میں مطلوبہ ڈیٹا انٹیگریشن کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) سے رابطہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیول وارننگ لائٹ جلتے ہی گھبرائیں مت
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے لائسنس کارڈز کی ترسیل کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی اور شہریوں کو مقررہ وقت کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔










