کراچی ( پاک ترک نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی بیک ڈور یا منت ترلے سے اقتدار میں نہیں آتی، عوامی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت میں آتی ہے۔ عوامی خدمت کے باعث پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جو مسئلہ پاکستان کا ہے، وہ ہمارا مسئلہ ہے، پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں موجود ہے اور وفاقی جماعت ہونے کے ساتھ وفاقی سوچ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی بڑی وجہ ایم کیو ایم ہے، کے ایم سی، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں میں چن چن کر دہشت گردوں کو بھرتی کیا گیا، جبکہ ایم کیو ایم شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے بھاگی۔
شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ایئر ایمبولینس سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی اور سکھر کے ایئرپورٹس مکمل طور پر فنکشنل ہیں، کچھ لیڈروں کو صحیح بریفنگ نہیں دی جاتی، اس لیے انہیں کچھ پتہ نہیں ہوتا۔سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو حقیقی معنوں میں کام کر رہا ہے، سندھ حکومت 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہی ہے جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کے حوالے سے سندھ اس وقت پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے، جبکہ کراچی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔شرجیل میمن کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر کئی مقامات پر کارپٹنگ مکمل ہو چکی ہے، سڑک کو 100 فیصد موٹربل بنانے کا کام جاری ہے اور 15 ستمبر تک یونیورسٹی روڈ مکمل موٹربل بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے کے دیگر حصوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، پلوں اور کلورٹس کی تعمیر جاری ہے، جبکہ یلو لائن منصوبے پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو بی آر ٹی کی بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے اور مزید بڑی تعداد میں اسٹیل ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ان کے مطابق سندھ حکومت کی ٹیکسیاں بھی جلد کراچی کے شہریوں کو دستیاب ہوں گی، جبکہ 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے معاہدے ہو چکے ہیں اور ان کے آرڈر بھی دے دیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 500 ای وی بسیں عنقریب کراچی کے شہریوں کو دستیاب ہوں گی، جبکہ بائیکس اور اسکوٹرز بھی بہت جلد شہریوں کو فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹ کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں ہاؤسنگ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، بڑی تعداد میں گھر مکمل ہو چکے ہیں اور لاکھوں خاندان ان گھروں میں رہائش پذیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ سے جیل اور صدارت، بنگلہ دیش کے نئے صدر کا سیاسی سفر
ان کے مطابق سندھ حکومت کا ہاؤسنگ منصوبہ دنیا کے بڑے ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہے، جبکہ شاہراہِ بھٹو کی تکمیل کے بعد روزانہ ہزاروں شہری اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت توانائی، تعلیم اور یونیورسٹیوں کے شعبوں میں بھی کام کر رہی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عالمی معیار کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صرف اشتہارات پر نہیں چلتی بلکہ حقیقی معنوں میں ترقیاتی کام کر رہی ہے، مقصد شہریوں کو ان کے جائز حقوق اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔










