بیجنگ ( پاک ترک نیوز) چین نے ایران کے ساتھ سائنسی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے نایاب معدنیات یعنی ریئر ارتھ عناصر کی تلاش اور پراسیسنگ کے شعبے میں بھی تعاون شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن نے ایرانی ہم منصب ادارے کے ساتھ مشترکہ ورکشاپ پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس میں ریئر ارتھ عناصر کی تلاش اور ان کی پراسیسنگ کو تعاون کے لیے منتخب کیے گئے پانچ اہم شعبوں میں شامل کیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت چینی سائنسدان ایران کا دورہ کریں گے اور ریئر ارتھ عناصر کی تلاش، شناخت اور پراسیسنگ سے متعلق سائنسی و تکنیکی امور پر ایرانی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
چین کی نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن کے مطابق ہر مشترکہ ورکشاپ کے لیے 30 ہزار چینی یوآن یعنی تقریباً 4 ہزار 200 امریکی ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ یہ رقم اجلاسوں، رہائش اور ملک کے اندر سفری اخراجات سمیت دیگر ضروری اخراجات پر خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب ایران نیشنل سائنس فاؤنڈیشن ایرانی شرکا کے بین الاقوامی سفری اخراجات میں معاونت کرے گی، جبکہ ایران آنے والے چینی محققین کی رہائش کے اخراجات بھی برداشت کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ ،ایران میں صلح کیلئے پاکستان فرنٹ فٹ پر
ریئر ارتھ عناصر جدید ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں، دفاعی آلات، الیکٹرانکس اور قابلِ تجدید توانائی سمیت متعدد اہم شعبوں میں استعمال ہوتے ہیں، جس کے باعث ان معدنیات کی عالمی سطح پر اسٹریٹجک اہمیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔












