واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی ریاست نیو جرسی نے اگلی نسل کے جوہری ری ایکٹرز کے ذریعے کم از کم 1100 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔
ریاستی گورنر کی جانب سے پاور این جے ایکٹ پر دستخط کے بعد اس منصوبے کے لیے مسابقتی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
قانون کے تحت نیو جرسی بورڈ آف پبلک یوٹیلیٹیز پہلے مرحلے میں جدید جوہری ری ایکٹرز تیار کرنے والی کمپنیوں سے دلچسپی کے اظہار طلب کرے گا، جس کے بعد موزوں منصوبوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد بجلی کے قومی گرڈ میں مسلسل اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جوہری بجلی گھر اپنی زیادہ سے زیادہ صلاحیت کے 90 سے 95 فیصد تک مسلسل بجلی پیدا کرتے ہیں، جبکہ شمسی اور ہوائی توانائی موسم کی تبدیلیوں سے متاثر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب کا مشرق وسطیٰ سے تمام توانائی برآمدات روکنے کا اعلان
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس وقت نیو جرسی کی مجموعی بجلی کا 40 فیصد سے زائد اور ریاست کی صاف توانائی کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ جوہری توانائی سے حاصل کیا جا رہا ہے۔
نئے منصوبے میں اسمال ماڈیولر ری ایکٹرز سمیت جدید جوہری ٹیکنالوجی پر توجہ دی جائے گی، جو روایتی ری ایکٹرز کے مقابلے میں چھوٹے، زیادہ محفوظ اور لچکدار سمجھے جاتے ہیں۔












