اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نےعالمی یوم آبادی پر پیغام میں کہا پاکستان آج عالمی یومِ آبادی پر اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضامن ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ آبادی کی ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ منصوبہ سازی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ کی بیناد ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا وسائل سے متناسب آبادی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور خوشحال عوام کی ضمانت ہے۔ عالمی سطح پر آبادی کے موضوع پر مختص یہ دن اسکی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سال یہ عالمی دن نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا” کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خوشحال مستقبل کی تشکیل میں نوجوان مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ نئی نسل کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا آبادی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔ پاکستان نمایاں نوجوان آبادی کے تناسب کی وجہ سے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ مجموعی ملکی آبادی کا پینسٹھ فیصد سے زائد حصہ تیس برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، یہ ایک قیمتی قومی سرمایہ اور معاشی و سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ معاشی منصوبہ بندی، روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی شہری ڈھانچے کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے بڑے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے۔ نوجوان آبادی کی استعداد سے بھرپور استفادہ اور مثبت ثمرات کے لیےدستیاب ملکی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری اور جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے ۔ تاکہ انسانی فلاح اور صلاحیتوں کی نشوو نما کو ترقی کے عمل کا محور بنایا جاسکے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ملکی آبادی اور ترقی کے تناظر میں جامع اور موثر قومی حکمت عملی کی تشکیل کے لئے وفاقی حکومت کے زیر نگرانی قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے۔ آبادی کے لیے بہترین منصوبہ سازی کے لیے یہ اعلیٰ سطحی قومی فورم وفاقی اور صوبائی حکومتی پالیسی ہم آہنگی اور اداراجاتی روابط کو یقینی بنائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا یہ کونسل قومی آبادی پروگرام کے نفاذ کے لیے پالیسی رہنمائی کے ساتھ ساتھ قومی ترجیحات کے مطابق مؤثر عمل درآمد کے ضمن میں ضروری اور بر وقت فیصلہ سازی بھی کرے گی۔ آبادی سے متعلق امور کی قومی ترقیاتی ایجنڈے میں مؤثر شمولیت، بااختیار خواتین، انسانی وسائل کی ترقی سمیت دیگر حقائق پر مبنی پہلوؤں کی پالیسی سازی اور طویل المدتی سماجی و معاشی خوشحالی کے لیے کام کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی زیر صدارت پورٹ کوآرڈی نیشن کو بہتر بنانے کیلئے اجلاس
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے عظیم مقصد کے حصول کے لیۓ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور دیگر اہم قومی اقدامات بھی اٹھاۓ جا رہے ہیں۔ تمام شہری بلا تفریق رنگ و نسل بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقات سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ایسے تمام طبقات بشمول خواتین اور بچیوں کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انشاءاللہ! اجتماعی عزم اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ایسا ماحول یقینی بنا سکتے ہیں جہاں ہر شہری کو صحت مند، باوقار اور باصلاحیت زندگی گزارنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
وزیراعظم نے کہا مشترکہ کوششوں سے ہم ملکی آبادیاتی صلاحیت کو دیرپا قومی قوت میں بدل سکتے ہیں اور موجودہ و آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔












