اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) صدر آصف علی زرداری نے فلپائن کے 128ویں یومِ آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
صدر مملکت نے کہا پاکستان فلپائن کے عوام کی ہمت، بہادری اور قومی ترقی کے سفر کو سراہتا ہے، پاکستان اور فلپائن رواں سال سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، خیر سگالی اور تعاون پر مبنی ہیں، تجارت، زراعت، صحت، تعلیم اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کاروباری روابط، مشترکہ منصوبوں اور پالیسی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
صدر مملکت نے پیغام میں کہا پاکستان فلپائن کے ساتھ دفاعی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، فلپائن میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا اہم پل ہے، فلپائن کی حکومت اور عوام کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے مہمان نوازی قابلِ ستائش ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا پاکستان عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی ضرورت ہیں۔
صدر زرداری نے کہا پاکستان اقوامِ متحدہ اور آسیان سمیت عالمی فورمز پر تعاون کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان اور فلپائن کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔












