بیجنگ ( پاک ترک نیوز) چین نے اپنے سرکاری سونے کے ذخائر میں مسلسل 19ویں ماہ اضافہ کرتے ہوئے مئی 2026 کے دوران تقریباً 10 ٹن مزید سونا خرید لیا۔
چین کے زرمبادلہ کے ادارے اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج کے مطابق مئی میں ملک کے سرکاری سونے کے ذخائر میں 3 لاکھ 20 ہزار ٹرائے اونس، یعنی 9.95 ٹن کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی ذخائر 2331.52 ٹن تک پہنچ گئے۔
ادارے کے مطابق چین کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر بھی مئی کے اختتام پر بڑھ کر 3.4422 کھرب ڈالر ہو گئے، جو اپریل کے مقابلے میں 31.7 ارب ڈالر یا 0.93 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ نومبر 2015 کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کی بلند ترین سطح ہے۔
اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج کا کہنا ہے کہ ذخائر میں اضافے کی وجوہات میں امریکی ڈالر انڈیکس کی مضبوطی، عالمی اثاثوں کی قیمتوں میں اضافہ اور چینی معیشت کی مستحکم کارکردگی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق چین کے بڑھتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کا تعلق ملک کی مضبوط برآمدی کارکردگی سے بھی ہے۔ چینی کسٹمز حکام کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے پہلے چار ماہ کے دوران چین کی مجموعی بیرونی تجارت 14.9 فیصد اضافے کے ساتھ 2.39 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ برآمدات 11.3 فیصد اضافے سے 1.37 کھرب ڈالر اور درآمدات 20 فیصد اضافے سے 1.01 کھرب ڈالر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی خلا میں ایک اور چھلانگ ،36نئے سیٹلائٹس مدار میں پہنچا دیئے












