اسلام آباد ( پاک ترک نیوز)پاک چین دوستی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے،یہ شراکت داری علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے لیے ایک مثبت قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا پاک چین سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ پر پیغام ،،کہا اس تاریخی سنگِ میل کو شایانِ شان انداز میں منانا پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی، وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاس ہے۔ پاکستان کے عوام، چین کے عوام کے لیے حقیقی طور پر بے حد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔
پاکستان، چین کے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے اور عالمی امن و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔












