اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر کوہاٹ کے قریب اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی کو صدر پاکستان نے ستارہ شجاعت پیش کر دیا۔
ستارہ شجاعت شہید شہری لیاقت علی کی والدہ نے وصول کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ شہید لیاقت علی نے ہمت و بہادری کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔دھشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی،دھشتگردوں کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت کیلئے ملک کا ہر شہری سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔شہری آبادیوں اور معصوم و نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دھشتگرد پاکستانی قوم کے بلند حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم شہید لیاقت علی اور انکے اہل خانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے












