اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہو گیا مگر بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا۔
پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر اٹھائے گئے سوالات کا بھارت آج تک تسلی بخش جواب نہیں دے سکا، بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے کر پیش کرتا رہا ہے،دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔
جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مکاری کھل کے سامنے آ چکی ہے،وزیرا طلاعات نے مزید کہا فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت اس سے خوفزدہ ہو گیا، پہلگام واقعہ کی انکوائری سے بھارت کا انکار اس امر کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، پہلگام واقعے کے محض دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا متن پہلے سے تیار تھا، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت آج تک اس معاملے پر مؤثر بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے،بھارت میں ہندوتوا نظریئے سے اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں،بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے، بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث رہا ہے، مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے حوالے سے شواہد اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارتی ریاست ان معاملات میں ملوث ہے،بھارت کی ریاستی پالیسی دہشت گردی پر مبنی ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔
فتنہ الہندوستان بی ایل اے اور فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی جیسے عناصر کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،یہ شواہد وقتاً فوقتاً بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی شیئر کئے جاتے رہے ہیں، جعفر ایکسپریس ٹرین واقعہ، خضدار واقعہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت کے کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے،بھارت کو جس طرح معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی، اسی طرح دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاکستان دہشت گردی کے خلاف نہ صرف پرعزم ہے بلکہ عملی طور پر اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا۔ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا ،پاکستان کو اپنی فتح پر فخر اور ناز ہے۔ آج بھارت آئسولیشن کا شکار ہے، پوری دنیا میں پاکستان امن کی علامت کے طور پر سامنے آیا ہے۔












