اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بیس ہزار سے زائد دہشت گرد موجود ہیں، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے آٹھ ہزار دہشت گردوں نے افغانستان میں پناہ لے رکھی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کرکے پاکستان کو جلد امن کا گہوارا بنائیں گے۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ملک کو سو ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ طالبان حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے کئی بار کہا گیا، کیونکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ملک میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ دہشت گردی کا خاتمہ کرکے پاکستان کو جلد امن کا گہوارا بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے گزشتہ چالیس برس کے دوران چالیس لاکھ افغان شہریوں کی میزبانی کی۔ افغان مہاجرین کے لیے پاکستان کی مہمان نوازی اور محبت کی دنیا گواہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ناسا نے زمین پر چاند جیسی چٹان دریافت کرلی
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود افغان شہریوں کو پناہ دی اور ان کی مدد کی، اب ضروری ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔












