کوہاٹ(پاک ترک نیوز ) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پشاور روڈ پر واقع پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے اور دہشت گردوں کے حملے میں 15 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید ہوگئے، جبکہ 103 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا، جس کے بعد ایک خودکش حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ مسلح دہشت گردوں نے پولیس لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ کارروائی کے دوران ابتدا میں دہشت گردوں کے ایک ماہر نشانہ باز کو ہلاک کیا گیا، جبکہ خودکش حملہ آور اور نشانہ باز سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ڈی ایچ او کوہاٹ کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 15 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 عام شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو کوہاٹ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کرکے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے فوری بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ زخمیوں کو جائے وقوع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔ کارروائی میں مدد کے لیے کرک اور ہنگو سے اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار بھی طلب کیے گئے۔
دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی کی نگرانی جنرل آفیسر کمانڈنگ کوہاٹ نے کی۔ انہوں نے کلیئرنس آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
جی او سی کوہاٹ نے کہا کہ خوارج کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس کے جوان صفِ اول میں کھڑے ہیں، ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردوں پر خیبر پختونخوا کی سرزمین تنگ کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازیوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
حکام کے مطابق جائے وقوع پر امدادی کارروائی میں 20 ایمبولینسز، ریسکیو گاڑیوں اور دیگر امدادی وسائل سمیت 60 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی خیبر پختونخوا، صوبائی وزرا، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ، شہداء کے اہلخانہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ حکام نے شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیے گئے۔






