ہری پور (پاک ترک نیوز )تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے میں کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے حادثہ پیش آگیا، پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو منصوبے کے بند کا ایک حصہ ٹوٹنے سے ٹنل نمبر پانچ میں پانی بھرنے لگا، تاہم منصوبے پر کام کرنے والے تمام پاکستانی اور غیر ملکی کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
واپڈا نے ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق منصوبے کی مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واپڈا کے سینئر افسران، مشیر اور ٹھیکیدار صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ دریا کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔












