کراچی ( پاک ترک نیوز) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا فلسفہ ہی ’’پاکستان کھپے‘‘ ہے۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ دھرتی کو انتظامی اکائیوں میں تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے ملک کو جوڑنے کا دعویٰ نہ کریں۔ سیاسی مصلحتوں کے تحت چہرہ بدلنے والے اب سندھ دھرتی کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم نے وفاق کو مضبوط اور عوام کو حقوق دیے، جبکہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے ملکی تاریخ سے ناواقف ہیں۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کو ماضی میں بدامنی کا مرکز بنانے والے آج اندرون سندھ کی ماؤں اور بہنوں کے ہمدرد بننے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ موبائل چھیننے کے واقعات پر سیاست کرنے والے اپنے ماضی کے دور کا بھی حساب دیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا ماضی نفرتوں کی سیاست سے عبارت ہے، اب نیا روپ دھار کر سندھیوں اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، یہاں نفرت انگیز سیاست کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی عوامی مقبولیت سے بوکھلا کر اپوزیشن رہنما سستی شہرت کے لیے پریس کانفرنسز کا سہارا لے رہے ہیں۔ وفاق اور صوبے کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسپتالوں اور صحت کے نظام پر سوال اٹھانے والے پہلے اپنے دور اقتدار کی کارکردگی کا حساب دیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ انتظامی اکائیوں کے نام پر سندھ کی تقسیم کی باتیں ملک میں مزید انتشار پیدا کرنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ سندھ حکومت وڈیروں کی نہیں بلکہ غریب ہاریوں، مزدوروں اور عوام کی نمائندہ حکومت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سی ٹی ڈی کے 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 23 دہشت گرد گرفتار
سعدیہ جاوید نے کہا کہ عوام اب بیدار ہوچکی ہے اور جذباتی نعروں یا دعووں سے کراچی اور سندھ کے شہریوں کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔






