لاہور(پاک ترک نیوز)لاہور میں نیلا گنبد انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کی تعمیر 90 فیصد مکمل کرلی گئی، منصوبہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جلد فعال ہونے کے قریب پہنچ گیا۔
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق نے اتوار کے روز منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ حکام نے انہیں بتایا کہ پلازہ کے تینوں بیسمنٹ لیولز پر تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ باقی ماندہ کام تیزی سے جاری ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے پلازہ کے بالائی حصے میں قائم نشستوں کی جگہ کا معائنہ کیا اور لائٹس اور ٹائلز کے نمونے بھی دیکھے۔ انہوں نے مال روڈ سے نیلا گنبد تک رابطہ سڑک پر اسفالٹ کارپٹنگ، پارکنگ مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب، پینٹ اور فرش کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران ،امریکا معاہدے کیلئے سفارتی سرگرمیاں تیز ،قطری ثالث تہران پہنچ گئے
طاہر فاروق نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کو تمام متعلقہ تعمیرات کی فنشنگ جلد مکمل کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ اس موقع پر ٹیپا کے چیف انجینئر اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں منصوبے کے باقی ماندہ کاموں پر بریفنگ دی۔






