اسلام آباد(پاک ترک نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حقوق کا بھرپور دفاع کرے گا۔
مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پاکستان کے لیے سنگین سکیورٹی چیلنج ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کے خارجہ تعلقات کا اہم ستون ہے، جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششیں مذاکرات کے فروغ اور علاقائی امن کے لیے اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا بڑاقدم ایل پی جی کی قیمت کے تعین کا اختیار اوگرا کی جگہ پی ایس او اور ایس ایس جی پی ایل کو دے دیا
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشمکش اور تنازعات سے تصادم کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری محدود ہوتی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق پیدا کرتا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، معاشی بحران خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون، مؤثر سفارتکاری اور مذاکرات کو فروغ دینا ضروری ہے۔











