راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) سہ فریقی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صائم ایوب 7 جبکہ فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ بابر اعظم 45 اور سعد بیگ 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سلمان علی آغا نے مڈل آرڈر میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی۔ سلمان علی آغا اور حسن نواز کے درمیان 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عرفات منہاس نے بھی 18 رنز بنائے۔
سلمان علی آغا کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان نے 305 رنز بنائے، تاہم پوری ٹیم آخری اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔ شاہین آفریدی نے 13 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مطلوبہ رفتار سے رنز بنانے میں ناکام رہی۔ اوشکا فرنینڈو 5 اور کپتان کوسال مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کمنڈو مینڈس نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی باؤلرز نے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا اور پوری سری لنکن ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں پاکستان نے سیریز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلا میچ 37 رنز سے اپنے نام کرلیا۔












