تربت ( پاک ترک نیوز) بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت سے اغوا کیے گئے چھ غیرمقامی مزدوروں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں چار مزدوروں کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔
شہید مزدوروں کی شناخت محمد ارشد، محمد تیمور، محمد پرویز، محمد وزیر، محمد امجد اور محمد یحییٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے 27 جولائی کو ضلع کیچ میں ایک حملے کے دوران غیرمقامی مزدور جاوید کو قتل کرنے کے بعد چھ دیگر مزدوروں کو اغوا کر لیا تھا، جنہیں بعد ازاں شہید کر دیا گیا۔
چند روز قبل بھی بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں پانچ غیرمقامی مزدوروں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا، جس کے بعد یہ ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حملوں کا مقصد صوبے کے امن، ترقی اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانا ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف ریاستی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں اور امن دشمن عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔












