ممبئی (پاک ترک نیوز )ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے، جبکہ بلٹ پروف جیکٹس پہنے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ علاقے میں اضافی پولیس گاڑیاں بھی موجود ہیں اور گلیکسی اپارٹمنٹس کے اطراف سے گزرنے والی گاڑیوں کی احتیاطی طور پر تلاشی لی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 18 اکتوبر کو شام تقریباً 7 بجے 36 سالہ اداکار ٹائیگر شروف جوہو میں فٹ بال میچ کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح افراد نے مبینہ طور پر ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو راجستھان کے شہر کوٹا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس اور راجستھان پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 17، 18 اور 22 سال کے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔












