کیلی فورنیا ( پاک ترک نیوز) کیلیفورنیا میں امریکا کی معروف تعلیمی درسگاہ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی گریجویشن تقریب میں گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی کی تقریر کے دوران درجنوں طلبا نے واک آؤٹ کر دیا ۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلبہ گوگل کے امریکی حکومت کے ساتھ متنازعہ تعاون کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ بعض طلبہ نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر گوگل اے آئی کے ذریعے امیگریشن ادارے کی جاسوسی جیسے نعرے درج تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق تقریب سے واک آؤٹ کرنے والے طلبہ کی تعداد 200 تک ہو سکتی ہے، تاہم یونیورسٹی یا منتظمین نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
رپورٹس کے مطابق احتجاج میں شریک تمام طلبہ کا مقصد ایک جیسا نہیں تھا۔ بعض طلبہ فلسطینی پرچم لہرا رہے تھے جبکہ کچھ طلبہ تنظیموں نے گوگل کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے خلاف بھی احتجاج کی اپیل کی تھی۔







